پی آئی اے کو براہ راست امریکی پرواز کی اجازت
امریکہ نے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کو براہ راست اپنے ایئرپورٹس تک پروازیں چلانے کی اجازت دی ہے۔
اس سے قبل پاکستان ایئرلائن کے جہاز یورپ میں سکیورٹی کلیئرنس کے بعد امریکہ جاتے تھے۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے پی آئی اے کو جاری کردہ خصوصی اجازت نامے میں واضح کیا ہے کہ ایک ماہ میں 12 پروازیں چلائی جا سکیں گی۔
اجازت نامے کے مطابق کارگو یا مسافر پروازیں چلانے کی اجازت ایک سال کے لیے دی جا رہی ہے جو 29 اپریل 2021 تک ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ خصوصی اجازت ملنے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی ایئرلائن امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائے گی۔
دوسری جانب پی آئی اے نے ایسوسی ایشنز کے ساتھ تمام ورکنگ اگریمنٹ منسوخ کر دیے ہیں اور صرف ریفرنڈم جیتنے والی یونین بحیثیت سی بی اے آئینی طور پر کام کر سکے گی۔
معاہدوں کی منسوخی کے بعد ایسوسی ایشنز کا ملازمین کی تنخواہ، مراعات، تبادلہ، ڈیوٹی سے انکار یا تبدیلی میں کردار ختم ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق ایسوسیئشنز ذاتی و سیاسی مفادات کی وجہ سے اصلاحات کے عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ تھیں۔
نئے نوٹیفیکیشن کامقصد شدید بحران کا شکار پی ائی اے میں اصلاحات کے عمل میں تیزی لانا اور انتظامیہ کی رٹ بحال کرنا ہے،معاہدوں کی منسوخی ملازمین کی تنخواہوں، الاونسز اور مراعات میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا گیا۔
گزشتہ روز حکومت نے پی آئی اے کے تمام شعبوں کو لازمی سروس کا حصہ قرار دیتے ہوئی لازمی سروس ایکٹ لاگو کردیا تھا۔

