چین اور انڈیا کی افواج میں سرحدی جھڑپ، 11 زخمی
چین اور انڈیا کی افواج کے درمیان جھڑپ میں دونوں اطراف کے 11 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
انڈیا کی وزارت دفاع کے مطابق شمال مشرقی ریاست سکم میں سرحد پر گشت کے دوران انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان ایک معمولی جھڑپ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
انڈیا کی وزارت دفاع نے جھڑپ کا ذمہ دار دونوں طرف کے سرحدی گارڈز کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ جارحانہ رویے کی وجہ سے فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں افواج کے درمیان جھڑپ ختم ہو گئی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ سنیچر کو پیش آیا اور تصادم کے وقت 150 کے قریب فوجی سرحد پر موجود تھے۔
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یہ واقعہ سکم سیکٹر میں نکولا کے علاقے میں پیش آیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ واقعہ کیسے پیش آیا اور فائرنگ کا آغاز کس نے کیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق فائرنگ سے چین کے سات جبکہ انڈیا کے چار فوجی زخمی ہوئے۔
انڈیا اور چین کا سکم کے علاقے میں سرحدی تنازعے دہائیوں سے جاری ہے اور دونوں ایک دوسرے پر سرحد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر جھڑپیں کم ہی ہوتی ہیں۔
سرحدی تنازعے پر چین اور انڈیا کے درمیان 1962 میں جنگ بھی ہو چکی ہے۔

