لاک ڈاؤن کھل گیا، شہروں میں ٹریفک جام
پاکستان میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ملک بھر کے شہروں کی سڑکوں پر گاڑیوں اور مارکیٹوں میں خریداروں کا غیرمعمولی رش دیکھا جا رہا ہے۔
پیر کو ملک کے تمام بڑے شہروں میں کاروبار زندگی بحال ہو چکا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد شاپنگ کرتی نظر آ رہی ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں خریداری کرنے والوں کے ہجوم کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام بھی دیکھا گیا۔
ادھر اسلام آباد میں پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس دو ماہ کے وقفے کے بعد ہو رہا ہے جس کے لیے مختلف احتیاطی تدابیر کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور دو ارکان کو وائرس تشخیص ہوا ہے۔
پاکستان میں کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد 670 کے لگ بھگ ہے جبکہ 31 ہزار کے قریب متاثرین ہیں۔
ملک میں تقریبا ڈیڑھ ماہ مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا جبکہ تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ تاحال بند ہے۔

