بین الاقوامی پروازیں 31 مئی تک معطل
پاکستان میں حکومت نے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کی معطلی کے دورانیے کو 31 مئی تک بڑھا دیا ہے۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلامیے جاری کیا ہے جس کے مطابق ملک کے تمام ایئرپورٹس سے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت 31 مئی تک بند رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق خصوصی پروازوں اور مال بردار طیاروں کے حوالے سے جاری کیے گئے پہلے حکم نامے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب اندرون ملک پروازوں کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کل (16 مئی) سے اندرون ملک پروازوں کی آمدورفت جزوی طور پر بحال کر دی جائے گی۔ ابتدائی طور پر پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن سیرین اندرون ملک پروازوں کے آپریشن میں حصہ لے گی۔
پروازیں کراچی، لاہور،پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ کے روٹ پر چلائی جائیں گی۔
اندرون ملک میں بحال کئے جانے والے مجوزہ فلائٹ آپریشن کے حوالے سے دستاویزات کے مطابق کراچی سے 68، اسلام آباد سے32، لاہور32، کوئٹہ8، پشاور سے 4 ہفتہ وار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ دو ماہ سے بین الاقوامی پروازوں کی آمد معطل ہے۔ اس دوران صرف خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں جو کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، ترکی اور سعودی عرب سے پاکستانیوں کے واپس لائیں جبکہ یہاں پھنسے غیرملکیوں کو واپس لے جایا گیا۔
پاکستان میں ابتدائی طور پر فلائٹ آپریشن 30 اپریل تک معطل کیا تھا جس کو بعد ازاں 15 مئی تک توسیع دی گئی تھی۔

