دنیا میں تین لاکھ 15 ہزار سے زائد ہلاکتیں
Reading Time: < 1 minuteچین سے پھیلنے والی عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ 15 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ان میں سے 89 ہزار 500 افراد صرف امریکہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے جن میں سے 14 لاکھ 86 ہزار امریکی ہیں۔
ادھر عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا سالانہ اجلاس شروع ہو رہا ہے جس میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین بنانے اور مربوط کوششوں پر غور کیا جائے گا تاہم ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ پر امریکہ اور چین میں بیان بازی اور تناؤ کی وجہ سے اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کی کاوشیں شاید مؤثر نہ ہو سکیں۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ڈبلیو ایچ او پر چین کی طرفداری کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی فنڈنگ روک دی تھی۔
کورونا وائرس کی وبا پر کسی حد تک قابو پانے کے بعد یورپ کے کئی ملکوں میں معمولات زندگی کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں اور اٹلی، جرمنی سمیت بعض ممالک نے سیاحت اور کھیلوں کی سرگرمیاں حفاظتی انتظامات کے ساتھ شروع کی ہیں۔
یورپ میں برطانیہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں 34 ہزار 716 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس کے بعد اٹلی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہزار 900 سے زائد ہے۔