دہشت گرد حملوں میں سات اہلکار ہلاک
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے دو الگ الگ واقعات میں فرنٹیئر کور کے سات اہلکار مارے گئے ہیں۔
فوج کے مطابق معمول کی پٹرولنگ کی ڈیوٹی کے بعد بیس کیمپ میں واپس آنے والی ایف سی کی گاڑی کو بلوچستان کے پیرغیب، مچھ کے علاقے میں آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔
منگل کو جاری کیے گئے آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقوں پیر غیب اور مچھ میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں پاک فوج کے سات جوان مارے گئے۔
مرنے والوں میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور ایک سویلین ڈرائیور بھی شامل ہے۔
دھماکے میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور سویلین ڈرائیور عبد الجبار کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔
ایک اور واقعے میں کیچ ، بلوچستان کے علاقے منڈ کے قریب دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی امداد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے واقعات کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

