پاکستان24 متفرق خبریں

شوگر ملز مالکان نے گنے کی پیداوار چھپائی: انکوائری رپورٹ

مئی 21, 2020

شوگر ملز مالکان نے گنے کی پیداوار چھپائی: انکوائری رپورٹ

پاکستان میں چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی رپورٹ پبلک کر دی گئی ہے جس کے مطابق ملک میں گنے کی کوئی قلت نہ تھی اور شوگر ملز مالکان نے گنے کی پیداوار چھپائی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوگر مل مالکان نے کاشتکاروں کو گنے کی حکومتی مقرر کردہ قیمت 180 روپے کے بجائے 140 روپے من دیے جبکہ حکومتی ادارے شوگر انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی حکومت کے ترجمان نے چینی کے بحران کا ذمہ دار بھی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی شوگر ملز کو قرار دیا گیا ہے۔

حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چینی اور گندم  بحران پر فارنزک آڈٹ رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر شبلی فراز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب  شہزاد اکبر نے کہا  کہ ’رپورٹ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر ڈالی جا رہی ہے۔‘

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ”پاکستان نے افغانستان کو چینی برآمد کی۔ پاکستان کی برآمد اور افغانستان کے درآمد ڈیٹا میں فرق آیا۔ ایک ٹرک 15 سے 20 ٹن لے کر جاسکتے ہیں۔ ایک ایک ٹرک پر 70 سے 80 ٹن چینی افغانستان لے کر گئے ہیں۔ یہ ایسا مزاق ہے جو آج تک کسی نے نوٹ نہیں کیا۔“

انہوں نے کہا کہ کمیشن نے چینی بحران کا ذمہ دار ریگولیٹر کو قرار دیا ہے جبکہ ”وزیراعظم ہمیشہ کہتے ہیں کاروبار کرنے والا سیاست میں بھی کاروبار کرے گا، آج کی رپورٹ سے وزیر اعظم کی بات سچ ثابت ہوئی۔“

سرکاری ترجمان کے مطابق شہباز شریف فیملی کی کمپنی میں ڈبل رپورٹنگ ثابت ہوئی۔ 2017-18 میں ایک ارب 30 کروڑ روپے اضافی کمائے جبکہ 2019 میں انہوں نے 78 کروڑ روپے اضافی کمائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے