وزرائے اعلیٰ جاگیں، صوبے خرچ کا حساب دیں: فواد چوہدری
پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت گرانے میں ایک ہی آدمی سنجیدہ ہے اور وہ فضل الرحمان ہیں۔ ‘جب سے مولانا فضل الرحمان کی دیہاڑی بند ہوئی وہ ہر دروازے پر جلسہ لے کر پہنچ جاتے ہیں۔’
فواد چویدری کا کہنا تھا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ اگر نیند سے نہ جاگے تو پاکستان کا بہت نقصان ہوگا، صوبوں میں جو خرچ کیا گیا کوئی ان سے حساب تو لے۔
بدھ کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ آلودگی کی وجہ سے لوگ بیمار ہوتے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنیا میں بغیر ڈرائیور کے بیسیں چلیں گی جب کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہوگا جہاں الیکٹرک بسیں چلیں گی۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی طلب کو سامنے رکھتے ہوئے 10 سالہ پالیسی بنانا ہوگی، آنے والے 10 سالوں میں ہمارا انرجی کا مسئلہ ہے، پاکستان نے اپنی رینوایبل انرجی پالیسی دی ہے، اس میں ہم سولر اور ونڈ انرجی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے جب کہ اگلے 3 سے 5 سالوں میں شاید موبائل بیٹریز کو ریچارج کی ضرورت ہی نہ پڑے، بجلی کی تاریں اور گرڈ سٹیشن بھی ختم ہو سکتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا آنے سے پہلے ہم ہر چیز درآمد کررہے تھے تاہم اب پاکستان کورونا سے متعلق مصنوعات کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔

