کرپشن پر سعودی فوجی کمانڈر برطرف
Reading Time: < 1 minuteسعودی عرب میں کرپشن کے الزامات پر مشترکہ فوجی اتحاد کے کمانڈر کو شاہی احکامات کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق سعودی بادشاہ سلمان نے ایک فرمان کے ذریعے جائنٹ فورسز کے کمانڈر اور الجوف کے ڈپٹی گورنر کو عہدے سے ہٹایا ہے اور ان کے علاوہ دیگر کئی سرکاری حکام کو بھی کرپشن کے الزامات پر برطرف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے شاہی فرمان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ‘مشترکہ فوج کے کمانڈر، الجوف کے ڈپٹی گورنر اور وزارت دفاع کے کئی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ تحقیقات کی جا سکیں۔’
گلف نیوز کے مطابق یہ برطرفیاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سفارش پر کی گئی ہیں جن کو وزارت دفاع میں کئی مشکوک مالی معاملات کے بارے میں پتا چلا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی بن عبدالعزیز، شہزادہ عبدالعزیز بن فہد اور دیگر کئی فوجی افسران اور سرکاری اہلکاروں پر کرپشن کے الزامات کے بعد تحقیقات کی گئیں اور سفارشات شاہ سلمان کو کارروائی کے لیے بھیجنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی وزارت سیاحت کے العلا اور بحیرہ احمر میں کئی میگا پراجیکٹس میں بدعنوانی کے الزامات کے بعد تحقیقات کی گئیں اور متعدد اعلیٰ افسران کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا تھا۔