پاکستان

اسلام آباد میں فائرنگ کرنے والا جج معطل

ستمبر 14, 2020

اسلام آباد میں فائرنگ کرنے والا جج معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں جھگڑے کے دوران فائرنگ کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل کر دیاہے جبکہ دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت نے جج جہانگیر اعوان کی اندراج مقدمہ کے حوالے سے درخواست پر پولیس سے جواب بھی طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر اعوان تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔

ایڈیشنل سیشن جہانگیر اعوان نے اتوار کی رات ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر سے جھگڑے کے دوران فائرنگ کی تھی، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے محکمانہ رولز کے تحت ایڈیشنل سیشن جج کو معطل کیا۔

اس سے قبل معطل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جہانگیر اعوان نے تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں پیش آنے والے واقعے پر اندراج مقدمہ کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ 22 اے اور 22 بی کی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 13 ستمبر کو پیش آنے والے واقعہ سے متعلق تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست دی اور بیان بھی قلمبند کرایا مگر واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی۔ واقعہ کامقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا کیلئے احکامات جاری کیے جائیں۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے جج جہانگیر اعوان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو بدھ تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے