حادثے میں بچ جانے والے کا پھر فضائی سفر
پاکستان کی قومی ایئر لائن کے کراچی طیارہ حادثے میں بچ جانے والے خوش نصیب مسافر اور پنجاب بنک کے صدر ظفر مسعود نے پی آئی اے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے بعد پہلی مرتبہ ہوائی سفر پر روانہ ہوئے۔
ظفر مسعود پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 سے کراچی سے لاہور روانہ ہوئے اور انہوں پرانی نشست نمبر کا انتخاب کیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر خلیل اللہ شیخ اور شعبہ انجینرنگ کے سربراہ عامر علی نے الوداع کہا۔
لاہور آمد پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک خصوصی طور پر ان کا اسلام آباد سے استقبال کرنے پہنچے۔ سی ای او پی آئی اے نے ظفر مسعود کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور خود لے کر باہر نکلے۔
ظفر مسعود نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی ادارے کو بحال کرنا ہے اور اس سلسلے میں مجھےقومی ائیرلائن کا انتخاب کرتے ہوئے خوشگوار احساس ہوا۔ مجھے مکمل اعتماد ہے کی قومی ائیرلائن اس واقعے اور دیگر مشکلات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کرلے گی۔
ظفر مسعود کا کہنا تھا کہ میں پی آئی اے کے اصلاحاتی عمل میں شامل ہوں اور انشاءاللہ ہم جلد اس کو خود انحصاری اور ترقی کے راستے پر ڈال دیں گے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے کہا کہ اپنے عظیم دوست اور بہادری کی مثال کے احسان مند ہیں کہ انھوں نے ہمیں اعتماد کے قابل سمجھا۔ پی آئی اے ایسے مخلص مہمان اور سرپرست کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے۔

