پنجاب پولیس نے تشدد کیا، ننگی گالیاں دیں: ڈی جے بٹ
پاکستان میں عمران خان کے دھرنے میں ساؤنڈ سسٹم چلانے سے مشہور ہونے والے ڈی جے بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے دورانِ حراست میں ان پر تشدد کیا اور ماں بہن کی ننگی گالیاں دیں۔
جمعرات کو عدالت میں پیشی کے موقع پر ڈی جے بٹ نے پولیس حراست میں سنگین الزامات عائد کیے اور بتایا کہ ان پر تشدد کرتے ہوئے اہلکار ان سے بہنوں کے نام پوچھتے رہے۔
عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ڈی جے بٹ کی ضمانت منظور کر لی۔
پولیس نے لاہور میں اپوزیشن کے جلسے میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے سے روکنے کے لیے ڈی جے بٹ کو گرفتار کیا تاہم ان کے خلاف درج مقدمے میں رائفل رکھنے اور اونچی آواز میں میوزک سننے کی دفعات لگائیں گئیں۔ بعد ازں انہوں نے رائفل کا لائسنس بھی پولیس کو پیش کیا۔

