کھیل

محمد وسیم پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سیلیکٹر

دسمبر 19, 2020 3 min

محمد وسیم پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سیلیکٹر

Reading Time: 3 minutes

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے۔

بورڈ کے مطابق دونوں عہدیداروں کی تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی ہے۔ محمد وسیم قائد اعظم ٹرافی کے بعد عہدے کا چارج سنبھالیں گے، سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، پاکستان کپ کے لیے ناردرن کے نئے کوچ کی تقرری کی جائے گی ۔

وسیم اکرم، علی نقوی، عمر گل، چیف ایگزیکٹو پی سی بی، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی پر مشتمل پینل کی سربراہی سلیم یوسف کریں گے۔

محمد وسیم اور سلیم یوسف آئی سی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ء تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

دونوں تعیناتیوں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی، جو کہ جمعرات اور جمعہ کو امیدواران کے آن لائن انٹرویوز کا فائنل راؤنڈ مکمل کرنے کے بعد کی گئی ہے۔

محمد وسیم کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے جنوری کے وسط میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سال 2021 میں پہلا اجلاس بھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل کراچی میں ہوگا۔

43 سالہ محمد وسیم فی الحال ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کررہے ہیں، ان کی ٹیم قائد اعظم ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر ابھی دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، گزشتہ سال ناردرن نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ قائداعظم ٹرافی میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

ناردرن کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے محمد وسیم قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے، وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج قائد اعظم ٹرافی کے بعد سنبھالیں گے۔

پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔ محمد وسیم کے چئیرمین سلیکشن کمیٹی کا چارج سنبھالنے کے بعد ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے نئے کوچ کی تقرری کردی جائے گی، نیا کوچ پاکستان کپ میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالے گا، جس کے ساتھ ہی وہ سلیکشن کمیٹی کا چھٹا رکن بھی بن جائے گا۔

سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ دو ہزار تیرہ سے پندرہ تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے، سلیم یوسف اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔

کرکٹ کمیٹی کی ذمہ داری پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو کرکٹ معاملات پر تجاویز پیش کرنا ہے مگر یہ تجاویز صرف قومی کرکٹ کی کارکردگی، منیجمنٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سنٹر یا پلیئنگ کنڈیشنز تک محدود نہیں رہیں گی۔

کمیٹی کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ متعلقہ افراد کو اپنے اجلاس میں طلب کرسکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ دو بہترین افراد کی بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی اور کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری پر بہت مسرور ہیں، دونوں عہدیداران کی تقرری تین سال تک کے لیے کی گئی ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ محمد وسیم اور سلیم یوسف کے پاس کرکٹ کا وسیع علم موجود ہے اور یہ دونوں افراد کو کرکٹ حلقوں میں خوب پذیرائی حاصل ہے، یہ دونوں سابق کرکٹرز پی سی بی کی پانچ سالہ اسٹریٹجی کے عین مطابق کام کریں گے۔

 

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ خوش قسمت تھے کہ انہیں باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا اور اب وہ ایک نئے کردار میں پاکستان کی خدمت کریں گے، وہ اس نئے رول میں بہترین کام کرنے کے لیے پرامید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور سال 2021 میں پاکستان کو زیادہ کرکٹ کھیلنی ہے، وہ اس عرصے میں شارٹ ٹرم گولز کے ساتھ ساتھ لانگ ٹرم گولز بھی تیار کریں گے۔

سلیم یوسف نے کہا کہ نامور اور کرکٹ کا وسیع علم رکھنے والے افراد پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کی سربراہی کرنا اعزاز کی بات ہوگی، میرا کام ان کے علم کی روشنی میں بہترین سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو پیش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے اس نئے کردار میں پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنے کے منتظر ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے