پاکستان کرکٹ کا وہ کھلاڑی جس کی آمدن کا ذریعہ اب صرف یوٹیوب ہے
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ ان کے پاس کمانے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے اور اب یوٹیوب کی ویڈیوز سے ہی ان کی آمدن ہوتی ہے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’میری کمائی کا ذریعہ صرف یوٹیوب ہے اور اگر آپ سب لوگ مجھے سپورٹ کریں گے تو میں کچھ کما سکوں گا۔‘
دانش کنیریا کے مطابق لوگ یوٹیوب پر ایسے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہیں جو اپنی ذاتی ویڈیوز میں کچھ کہتے ہیں اور نیشنل ٹی وی کے شوز میں آ کر کچھ اور بولتے ہیں۔
سابق سپنر نے لکھا ہے کہ ’محمد عامر نے میچ فکسنگ کی اور سب ان کو سپورٹ کر کے لیجنڈ بتاتے ہیں، کیوں؟ اور ان کے ساتھ ہمدردی بھی رکھتے ہیں جبکہ دانش کنیریا پر جھوٹے الزامات عائد کیے گئے اور ان کا کیریئر ختم کر دیا گیا۔ اور اب ہمدردی کے حصول کے لیے بھی گڑ گڑا رہے ہیں لیکن کوئی سپورٹ نہیں۔ آپ سب جانتے ہیں کہ کیوں؟‘
40 سالہ سابق پاکستانی لیگ سپنر نے ملک کے لیے 61 ٹیسٹ میچز جبکہ 18 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
انہوں ںے سنہ 2000 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور سنہ 2010 تک پاکستان کے لیے کھیلتے رہے۔
دانش کنیریا نے سنہ 2018 میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ میں میچ فکسنگ کی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ان پر تاحیات پابندی لگائی ہے۔