تحریک لبیک کے سعد رضوی پر قتل اور دہشت گردی کا مقدمہ درج
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں مذہبی جماعت تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی اور دیگر قائدین پر پنجاب پولیس کے کانسٹیبل محمد افضل کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
محمد افضل گزشتہ رات لاہور کے علاقے شاہدرہ میں تحریک لبیک کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔
مذہبی جماعت کے کارکنوں نے لاہور، راولپنڈی، کراچی سمیت کئی شہروں میں دھرنے دے رکھے ہیں اور دوسرے دن بھی کئی بڑی شاہراؤں پر ٹریفک معطل ہے۔
کراچی میں چار مقامات پر دھرنے دیے گئے جبکہ حب کے علاقے میں احتجاج کی وجہ سے کراچی بلوچستان کے درمیان پیر کی شام سے سڑک بند ہے اور دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
لاہور شہر اور مضافات میں کئی مقامات پر احتجاج کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی خارجی راستوں پر بھی مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔
موٹروے اور اس کے اطراف انٹرچینج کو پولیس نے مظاہرین سے کلیئر کرا لیا ہے۔