قریشی کے تعصب سے پاکستان کا تاثر خراب ہوا
Reading Time: 2 minutesفدوی کو یہ شرف حاصل رہا ہے کہ کمیونیکیشن سکلز بہت ہی اچھے اساتذہ سے پڑھیں جن میں گورے بھی شامل تھے۔
اور پھر پڑھانے کا موقع بھی ملا۔
ابلاغ میں ایک موضوع تعصب بھی ہوتا ہے۔
تعصب آپ کی ابلاغی صلاحیت کو شدید متاثر کرتا ہے۔
تعصب منفی بھی ہوسکتا ہے اور مثبت بھی، یعنی اگر میرا عمران خان سے متعلق یہ تعصب ہے کہ وہ نہایت اہل اور ایماندار شخص ہیں تو میرا سارا ابلاغ یعنی سننا اور بولنا دونوں اسی تعصب کے اسیر ہوں گے اور یوں میں ان کے اعمال کا تنقیدی جائزہ لینے سے قاصر ہوجاوُں گا۔
اور اگر یہی تعصب منفی ہوگا تو میں ان کی اچھائیاں سننے، دیکھنے اور بیان کرنے سے قاصر ہوجاوُں گا۔
اس کی دوسری مثال مسلمانوں اور یہودیوں کی ہے یعنی چونکہ مسلمانوں کو ان کے اوائل عمری سے ہی یہودیوں کے بارے میں ایک منفی تاثر کے ساتھ سوچنا سکھایا جاتا ہے اور اس کے لئے مقدس کتاب اور احادیث کو بھی استعمال کیا جاتا ہے تاکہ اسے الوہی سند مل جائے اس لئے وہ تصور ہی نہیں کر سکتے کہ کوئی یہودی اچھا بھی ہوسکتا ہے۔
یہودیوں کو بھی مسلمانوں سے نفرت سکھائی جاتی ہے اور اس کی ایک وجہ تو شاید یہ رہی ہوگی کہ اسلام دراصل نناوے فیصد یہودیت سے ملتا جلتا ہے جبکہ مسلمانوں کا دعوی یہ ہے کہ یہودی گمراہ ہیں جبکہ یہودیوں کا یہ ہی ماننا مسلمانوں سے متعلق ہے۔
گویا تعصب وہ سبز یا سرخ رنگ کی عینک ہے جسے پہنتے ہی ساری دنیا سرخ یا سبز نظر آنا شروع ہوجاتی ہے۔
تعصب ابلاغ کی صلاحیت کو ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ جدید دنیا میں عمومی طور پر ایک متعصب انسان کو ایک معقول انسان بھی تصور نہیں کیا جاتا اور خصوصی طور پر نسلی یا مذہبی تعصب کے حامل شخص کو نسل پرست یا فنیٹک انسان کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
شاہ محمود نے سی این این کو جو انٹرویو دیا اس نے پاکستان کے بارے میں تاثر کو مزید خراب کیا ہے اور اس کی وجہ ان کا تعصب ہی بنا۔
ہم اپنے تعصبات کو کیسے کم کر سکتے ہیں پر ایک تفصیلی مضمون لکھنے کا ارادہ ہے۔
ایک اور اہم بات جس کا تذکرہ ضروری ہے کہ تاثر اور حقیقت دونوں علیحدہ علیحدہ چیزیں ہوتی ہیں. یہ بات کہ اسرائیل میڈیا کو کنٹرول کرتا ہے ایک تاثر تو ہے لیکن ثابت شدہ حقیقت نہیں ہے. اتنے بڑے فورم پر اپنا تاثر پیش کرنا ایک مناسب بات نہیں تھی کیونکہ اس کے حق میں دلائل یا ثبوت موجود نہیں تھے. لہذا جہاں یہ بات عین ممکن ہوسکتی ہے کہ اسرائیل واقعی ایسا کرتا ہے وہاں اس کے ثبوت دینا ممکن نہیں.