ماؤنٹین میراتھن میں 21 کھلاڑی اولے پڑنے سے ہلاک
Reading Time: < 1 minuteچین میں ایک سو کلومیٹر کی ماونٹین میراتھن کے دوران اولوں، بارش اور تیز ہواؤں کی زد میں آ کر 21 افراد ہلاک ہوگئےہیں۔
شن ہوا نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے شہر بائی ین کےحکام نے اتوار کو ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ہلاکتیں یلو ریور سٹون کے جنگل میں اونچائی پر ہونے والی دوڑ کے دوران اچانک موسم خراب ہونے کے باعث ہوئیں۔
بائی ین شہر کے میئر ژانگ ژوچن کا کہنا تھا کہ دوڑ کے کچھ شرکا کی طرف سے مدد کا پیغام ملنے کے فوراً بعد میراتھن کی انتظامیہ نے امدادی ٹیم بھیجی جو 18 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوگئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موسم مزید خراب ہونے کی وجہ سے دوڑ ختم کر دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ موسم کی اچانک خرابی کے باعث پیش آیا تاہم صوبائی حکام اس کی وجوہات پر مزید تحقیقات کریں گے۔ دوڑ کے دیگر آٹھ شرکا ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا تھا کہ دوڑ کے کچھ شرکا کو موسم کی وجہ سے ہائپوتھرمیا ہوگیا تھا۔
شن ہوا کے مطابق پہاڑی علاقے میں درجہ حرارت رات کو مزید گر گیا تھا جس کی وجہ سے امدادی کارروائی ’مزید مشکل‘ ہوگئی۔
نیوز ایجنسی نے بتایا کہ چین کے رات تین بجے 151 شرکا کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوئی، اس دوڑ میں شرکا کی کل تعداد 172 تھی۔