فٰیس بک کا پھر آپریشن کلین اپ، پاکستانیوں کے درجنوں اکاونٹس بند
Reading Time: < 1 minuteدنیا کے بڑے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فیس بک نے پاکستان سے چلائے جانے والے 90 سے زائد پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس کو مشکوک قرار دے کر بند کر دیا ہے۔
مئی 2021 میں ’منظم جعلی رویے‘ کی پاداش میں بند کیے گئے نیٹ ورکس کی رپورٹ میں فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ روس اور سوڈان کے ساتھ ساتھ پاکستان سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹس وغیرہ کو بھی بند کیا گیا ہے۔
فیس بک کی ایک رپورٹ کے مطابق ’پاکستان سے 40 اکاؤنٹس، 25 پیجز، چھ گروپس اور 28 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو مشکوک ہونے کی بنا پر بند کیا گیا ہے۔
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے مطابق بند کیے گئے اکاؤنٹس کا تعلق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ایک پبلک ریلیشننگ فرم سے وابستہ افراد سے ہے۔ اس سے قبل اپریل 2019 میں بھی اس نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے متعدد اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس بند کیے جا چکے ہیں۔
دو برس قبل اپریل میں مشکوک نیٹ ورکس کے خلاف کی گئی کارروائی میں فیس بک نے 103 پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس ریموو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ادارے کی پالیسی کے برخلاف ’منظم جعلی رویے‘ کا مظاہرہ کر رہے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا ان اکاؤنٹس کو چلانے والے افراد نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی لیکن فیس بک نے ان کے تعلق سے متعلق نشاندہی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مذکورہ افراد کس قسم کے پیجز اور گروپ چلا کر کن موضوعات پر بات کیا کرتے تھے۔