’نوازشریف نے گولی کرائی، عمران خان کو اس کا دکھ ہے‘
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان مقدر کاسکندر اور خوش قسمت انسان ہے جسے نااہل، نالائق،نکمی،نکٹھو اور بے کار اپوزیشن ملی ہے، نواز شریف گولی دے کر بیرون ملک جانے میںکامیاب رہے جس کا عمران خان کو دکھ ہے.
اتوار کواسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماراساتھ دیا،چین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے پاکستان کوویکسین فراہم کی،پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے،اسلام آباد میں کورونا کیسز زیادہ تھے،اموات کی شرح بہت زیادہ تھی تاہم اس میں کمی آئی ہے اس پر طبی عملہ کے شکر گزار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسین کا عمل دوسرے ممالک سے بہتر ہے،پہلے لوگوں میں اس جانب رجحان نہیں تھا اس بارے میں پروپیگنڈا کیا جارہا تھا،اس لئے لوگ اس کے خلاف تھے تاہم اب رجحان پیدا ہوا ہے،پڑوسی ملک بھارت میں ویکسین کی عدم دستیابی کے کئی شہروں میں بورڈ لگے نظر آتے ہیں لیکن پاکستان میں کہیں ایسی صورتحال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سائنو فارم بہت زبردست ویکسین ہے.
چینی ویکسین کے حوالے سے خدشات پر سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم خود متعلقہ ممالک سے بات کررہے ہیں۔ سعودی عرب اور مڈل ایسٹ میں چینی ویکسین لگا کر جانے والے پاکستانیوں کے مسئلے پر عمرانخان خود وہاں کی قیادت سے بات کر رہےہیں.
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں عمران خان کو نااہل،نالائق،نکمی اور بے کار اپوزیشن ملی ہے وہ دسمبر کی تاریخ دے رہے تھے اب عمران خان آئندہ مالی سال کابجٹ پیش کرنے جارہی ہے اور عمران خان سے پوری امید ہے کہ وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں معقول اضافہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے اور اس کا عمران خان کو دکھ ہے، اس لئےشہبازشریف کو ہم نے باہر نہیں جانے دیا،ان کانام سی ایل میں ڈالا اور اب اس کے خلاف رجوع کا وقت گزر گیا ہے۔
شیخ رشید نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے،عمران خان خوش قسمت اور مقدر کا سکندر ہے،اس کے ستارے بلند ہیں،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں .
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے سارے ووٹ بھی بجٹ میں حکومت کو پڑیں گے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں،ایگل سکواڈ بنایا جارہا ہے،پولیس کے لئے 150 موٹر سائیکل اور 16 گاڑیاں لے رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے کہا کہ کرونا کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کورونا وبا کے دوران اختیار کئے گئے پاکستان کے حفاظتی اقدامات کو سراہا۔

