بلی کو پھانسی دینے کا الزام، گرفتار سابق بیورو کریٹ کی ضمانت
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد کے بحریہ ٹاؤن میں بلی کو مارنے کے بعد گھر کے باہر لٹکانے کے الزام میں گرفتار سابق بیوروکریٹ عبدالقیوم کو عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
تھانہ لوہی بھیر پولیس نے عبدالقیوم کے خلاف بلی کو جان سے مارنے کے بعد گھر کے باہر لٹکانے پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا تھا۔
مقدمہ اینیمل ویلفیئر ایکٹیوسٹ انیلہ عمیر کی درخواست پر درج کیا گیا۔
قبل ازیں مقامی رہائشیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے انتظامیہ کی توجہ دلائی تھی کہ بحریہ ٹاؤن کے فیز پانچ میں ایک شخص راجہ عبدالقیوم نے بلی کو گھر کے باہر لوہے کی سیڑھیوں پر پھانسی دے کر لٹکایا ہوا ہے۔
ملزم کے خلاف یہ بھی شکایت کی گئی کہ وہ گھر پر بھی مارپیٹ کرتا ہے اور پڑوسیوں کے ساتھ بھی لڑائی جھگڑے میں ملوث ہے تاہم پولیس نے تاحال اس کی تصدیق نہیں کی۔
بلی کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے جانوروں کے ہسپتال منتقل کیا۔