اسلام آباد میں ہندو مندر کے لیے مختص پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ
اسلام آباد میں ہندو مندر کی تعمیر کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ اقلیتی عبادتگاہ کی تعمیر کے لیے مختص جگہ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے وکیل جاوید اقبال وینس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا کہ ہندو مندر کی تعمیر کے لیے مختص کیے گئے پلاٹ کی الاٹمنٹ وفاقی کابینہ کی ہدایت پر کینسل کی گئی۔
پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے شہری کی مندر کی تعمیر کے خلاف درخواست پر سماعت کی تو وکیل جاوید اقبال وینس نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ گرین ایریاز میں جن بلڈنگز کی تعمیرات نہیں ہوئیں ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن ٹو میں ہندو برادری کے لیے مندر ، کمیونٹی سینٹر ، شمشان گھاٹ کی تعمیر کے لیے جگہ کی الاٹمنٹ سی ڈی اے نے کی تھی.
مجوزہ مندر کی تعمیر کے خلاف علما نے احتجاج بھی کیا تھا.

