سخاکوٹ میں صحافی کے قتل کے خلاف دھرنا، وزیراعلیٰ کا نوٹس
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے ملاکنڈ کے علاقے سخاکوٹ میں صحافی اور سماجی کارکن محمد زادہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو او ایس ڈی بنانے کی ہدایت کی ہے.
وزیراعلی نے صوبے کے پولیس سربراہ سے رپورٹ طلب کی ہے جبکہ اہل علاقہ نے مقتول کی لاش ملاکنڈ روڈ پر رکھ کر دھرنا دیا ہے.
محمد زادہ کو پیر کی شام سخاکوٹ میں ان کے گھر کے سامنے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا.

اہل علاقہ نےمطالبہ کیا ہے کہ محمد زادہ کے قتل میں ملوث ضلعی انتظامیہ کے خلاف صوبائی حکام کارروائی کریں جبکہ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے.
دھرنے کے شرکا نے بتایا کہ محمد زادہ ایک مخلص شخص تھے جنہوں نے ڈرگ مافیا کے خلاف جہاد کا اعلان کیا تھا جس کی بنا پر ان کو قتل کیا گیا.
دوسری جانب وزیراعلی محمود خان نے سخاکوٹ میں صحافی اور سماجی کارکن محمد زادہ اگرہ وال کے قتل نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔
وزیراعلی نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو ملاکنڈ کے ڈپٹی کمشنر اور سخاکوٹ کے اسسٹنٹ کمشنر کو عہدوں سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے کی ہدایت کی ہے.
جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیر اعلی نے قتل میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کےلیے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے.

