امریکی ایئرپورٹ پر سکریننگ کے دوران بندوق چل گئی، تین زخمی
Reading Time: 2 minutesامریکہ میں ایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حادثاتی طور پر بندوق چلنے سے افرا تفری پھیل گئی جس کے نتیجے میں ایئر پورٹ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد ایئرپورٹ تقریباً تین گھنٹے بند رکھا گیا.
امریکی ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب ایکسرے مشین میں ایک مسافر کے بیگ میں ’ممنوع چیز‘ کی شناخت ہوئی۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اٹلانٹا ایئر پورٹ حکام نے کہا ہے کہ اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت تشویشناک نہیں ۔
حکام کے مطابق سکریننگ کے دوران جب ڈیوٹی افسر نے بیگ کھولنے کے لیے کہا تو مسافر نے اسے چھیننے کی کوشش کی جس کی وجہ سے بندوق چل گئی تاہم مسافر وہاں سے فرار ہو گیا۔
ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ حکام مسافر کے بارے میں جانتے ہیں اور اس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ’کوئی حملہ نہیں ہوا، بلکہ اتفاقیہ طور پر بندوق چل گئی۔ کسی مسافر یا عملے کے شخص کو خطرہ نہیں ۔ تحقیقات جاری ہیں۔‘
رواں برس اس ایئرپورٹ پر سکریننگ کے دوران 450 ہتھیار برآمد کیے گئے۔
امریکی ریاست جارجیا میں 2014 میں منظور کیے گئے ایک متنازع قانون کے تحت کوئی بھی لائسنس یافتہ بندوق لے کر ایئرپورٹ پر جا سکتا ہے، لیکن کسی کو یہ گن ایئرپورٹ سکریننگ ایریا، بارز اور سکولوں میں اسے لے جانے کی اجازت نہیں۔