وفاقی حکومت نے ڈیڑھ لاکھ خالی آسامیاں ختم کر دیں، وزیر خزانہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے رائٹ سائزنگ کر رہے ہیں۔ اور ڈیڑھ لاکھ خالی آسامیاں ختم کر دی ہیں.
وزیر خزانہ نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نے جون 2024 میں وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے لیے کمیٹی بنائی تھی۔ جن اداروں کی افادیت نہیں رہی، انہیں برقرار رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کمیٹی کے ٹی او آرز کا مقصد وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اصل مسئلہ وزارتوں کے ساتھے منسلک ڈیپارٹمنٹس ہیں۔ 43 وزارتوں اور ان کے 400 محکموں سے متعلق مشاورت جاری ہے۔ ایک وقت میں پانچ سے چھ محکموں کو ختم کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ‘خدمات (سروسز) سے متعلق آسامیوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پانچ وزارتوں میں رائٹ سائزنگ کا تیسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔‘