پاکستان

لاہور میں پارٹی کے ہزاروں ووٹ، آصف زرداری صحتیاب

دسمبر 7, 2021

لاہور میں پارٹی کے ہزاروں ووٹ، آصف زرداری صحتیاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے لاہور این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں 32 ہزار ووٹ لینے سے پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری میں جوش بھر دیا ہے۔

طویل عرصے سے صحت کے مسائل سے دوچار آصف زرداری لاہور پہنچنے پر صحتمند نظر آئے۔

لاہور میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب میں آصف زرداری نے کہا ہے کہ اپنے ان سیاسی مخالفین سے ہر جگہ لڑیں گے جو پاکستان مخالف ہیں۔

پیپلز پارٹی نے یہ تقریب حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں الیکشن 2018 کی نسبت زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی خوشی میں منعقد کی تھی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ’مجھے توقع تھی کہ ہم پچاس ہزار ووٹ لیں گے لیکن لوگ گھروں سے کم نکلے۔‘
انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی ’ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا  اس کا یہاں کیا ہے؟  پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جیلیں کاٹی ہیں پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں بھٹو صاحب نہ بستے ہوں بے نظیر کی بات ہی اور ہے۔‘

آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے مگر ہم بچائیں گے۔ 1977 کے بعد میاں صاحب  حلقے  ذات برادری کی بنیاد پر بناتے رہے۔ ہم پورے پنجاب میں ہر حلقہ تبدیل کریں گے کیونکہ ن لیگ والے ہماری دھرتی کے خلاف ہیں، جو دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اس کے پاس کیا ہے۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب میں ہماری کمزوریاں ہمارے آگے آتی ہیں۔ دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ پورے پنجاب میں ہر جگہ ہر محلے میں ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں۔‘

خیال رہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین پر اس وقت تنقید کی جب ایک طرف پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی لاہور کے حلقہ این اے 133 میں بتیس ہزار ووٹ لینے کو اپنی کامیابی سمجھ رہی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے