پاکستان کا امریکہ میں ’جمہوریت کانفرنس‘ میں شرکت کی دعوت پر جواب
پاکستان نے ورچوئل ’ڈیموکریسی سمٹ‘ یعنی جمہوریت کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ہے جو 9 اور 10 دسمبر کو ہو گی۔
بدھ کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان آزاد عدلیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے ساتھ ایک بڑی فعال جمہوریت ہے۔‘
’ہم جمہوریت کو مزید فروغ دینے، کرپشن کے خلاف جنگ اور تمام شہریوں کے لیے انسانی حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
’حالیہ برسوں میں پاکستان نے ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے اصلاحات کی ہیں جن کے مثبت نتائج آئے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم امریکہ کے ساتھ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ باہمی طور پر اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر مزید گہری ہوگی۔‘
’ہم مختلف معاملات پر امریکہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہم مستقبل میں موقع ملنے پر مناسب وقت میں وسیع تر امور پر بات چیت کریں گے۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بات چیت، تعمیری رابطوں اور عالمی تعاون کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔‘

