فوج کو مہنگائی کا احساس ہے: میجر جنرل بابر افتخار
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ’فوج کو مہنگائی کا احساس ہے۔‘
فوجی ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا فوج کی نظر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اس سے لوگوں کو درپیش مسائل پر بھی ہے اور کیا اس پر حکومت سے بات چیت چل رہی ہے؟
’فوج نے معیشت پر بات چیت کیا کرنی ہے۔ صاف ظاہر ہے فوج اپنے دفاعی بجٹ کے مطابق ہی رہتی ہے۔‘
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ’پاک فوج بھی عوام سے ہی ہے اور پاک فوج کا سپاہی اور افسر بھی اسی دکان سے جا کر سامان خریدتا ہے جہاں سے باقی عوام خریدتے ہیں تو بالکل اس چیز کا احساس ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے جس طرح کی مدد فوج کی جانب سے دی جا سکتی ہے، وہ دی جاتی ہے اور جس طرح کی رائے دی جا سکتی ہے وہ بھی دیتے ہیں۔‘
معیشت کے حوالے سے سوال کے جواب میں فوجی ترجمان نے بتایا کہ ’اس میں دو رائے نہیں کہ معیشت بہت اہم ہے اور یہی ہر چیز کو آگے بڑھاتی ہے، دفاع کو بھی اسی سے مدد ملتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’معاشی مسائل نئے نہیں۔ معاشی مسائل کے باوجود مسلح افواج نے ملکی وسائل کو سامنے رکھتے ہوئے پچھلے دفاعی بجٹ میں بھی اور اس سال بھی افراط زر کے حساب سے بھی اضافہ نہیں لیا۔‘