مسافر کا ماسک لگانے سے انکار، امریکہ سے لندن کی پرواز واپس
Reading Time: < 1 minuteامریکی ایئرلائن کی پرواز میں سوار مسافر کی جانب سے کورونا وبا سے حفاظت کی احتیاطی تدابیر کے قوانین کے تحت لازمی ماسک پہننے سے انکار پر جہاز کو واپس موڑ لیا گیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکن ائیرلائنز کے حکام نے بتایا کہ پرواز میامی سے لندن جا رہی تھی جب ایک مسافر نے ماسک پہننے کے وفاقی حکومت کے ضابطےکو ماننے سے انکار کیا.
ایئرلائنز حکام کے مطابق مسافر کو تنبیہ کی گئی مگر اس کے بار بار انکار اور معاملہ حل نہ ہونے پر جہاز کو واپس میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا.
حکام کے مطابق 129 مسافروں اور عملے کے 14 ارکان کو لے کر روانہ ہونے والے بوئنگ 777 کی پرواز جب واپس ایئرپورٹ پہنچی تو پولیس پہلے سے وہاں موجود تھی۔
پولیس اہلکاروں نےماسک کے ضابطے کو ماننے والے مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کیا جس کے بعد جہاز نے دوبارہ اپنی منزل کے لیے اڑان بھری.
امریکی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس مسافر کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ہوائی سفر پر پابندی ہے۔
وفاقی ہوا بازی کی انتظامیہ نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کو قطعی برداشت نہیں جو وبا سے بچاؤ کے ضوابط کے خلاف ہو اور ان میں ماسک پہننا شامل ہے۔
یہ قدم ان بے شمار واقعات کے بعد اٹھایا گیا تھا جن میں مسافروں نے ماسک پہننے سے انکار کیا تھا، جس پر لڑائی جھگڑے بھی ہوئے تھے۔