عالمی خبریں

یوکرین سے دس لاکھ شہریوں کی نقل مکانی، اہم شہر پر روسی قبضہ

مارچ 3, 2022

یوکرین سے دس لاکھ شہریوں کی نقل مکانی، اہم شہر پر روسی قبضہ

روس کی افواج یوکرین کے بڑے شہروں میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور خیرسن سٹی پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے مطابق یوکرین سے دس لاکھ افراد نقل مکانی کر رہے ہیں۔

یوکرینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک ہفتہ قبل ماسکو کے حملے کے بعد یہ پہلا بڑا شہری مرکز ہے جس کا کنٹرول روس نے سنبھال لیا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق علاقائی انتظامیہ کے سربراہ گیناڈی لکھوتا نے بدھ کو رات گئے ٹیلی گرام ایپ پر اطلاع دی کہ ’(روسی) قابض شہر کے تمام حصوں میں موجود ہیں اور بہت خطرناک ہیں۔‘

خیرسن شہر بحیرہ اسود کے قریب بندرگاہی علاقہ ہے جس کی آبادی دو لاکھ 90 ہزار ہے۔

سٹریٹجک لحاظ سے اہم شہر اس وقت محاصرے میں آگیا جب روسی افواج نے دوسرے شہری مراکز پر اپنی جارحیت کو آگے بڑھایا۔

بندرگاہی شہر کے میئر ایگور کولیکھائیف نے روسی افواج کے ساتھ بات چیت کا اعلان کیا تھا۔

ایگور کولیکھائیف نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’ہمارے پاس کوئی ہتھیار نہیں اور نہ ہی ہم جارحانہ تھے۔ ہم شہر کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور حملے کے نتائج سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں میتوں کو دفنانے، خوراک اور ادویات کی ترسیل وغیرہ میں بہت مشکلات کا سامنا ہے۔‘

دوسری جانب بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے مطابق یوکرین سے دس لاکھ افراد نقل مکانی کر رہے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے