تحریک عدم اعتماد پر آئین کے مطابق کارروائی، قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی
پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کو مختصر رہا اور پیر تک ملتوی کر دیا گیا.
اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی کوشش کی گئی جو اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کی گئی تھی.
جمعے کو اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
قومی اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ یہ روایت رہی ہے کہ کسی رکن قومی اسمبلی کی وفات کے بعد بلایا جانے والا اجلاس فاتحہ خوانی کے بعد اگلے روز تک کے لیے ملتوی کیا جاتا ہے اور ایجنڈے کی کارروائی مؤخر کی جاتی ہے۔
انہوں نے اجلاس پیر 28 مارچ کی سہ پہر چار بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور اپنی نشست سے اٹھ کر چلے گئے۔

