خاتون اوّل اور ان کی دوست پر اپوزیشن کے کرپشن کے الزامات
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر کرپشن کے الزامات عائد کیے ہیں۔
سنیچر کو پارا چنار میں عوامی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے وزیراعظم اور وزرا کو خبردار کیا کہ وہ جھوٹ بولنا بند کریں وگرنہ خاتون اوّل کی کرپشن ملک و قوم کے سامنے لے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ”ہمیں پتا ہے کہ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ بننے کے لیے کس کو پیسے پکڑائے تھے. “
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خطاب میں مزید کہا کہ 172 ارکان لے کر پارلیمنٹ میں لے کر آئیں، ورنہ واپس بنی گالہ چلے جائیں۔
ان کے مطابق ”یہ کہتے تھے کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا لیکن یہ کلبھوشن کے وکیل بن گئے. “
بلاول بھٹو زرداری نےوزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’اس نے آئی ایس آئی کو کہا کہ میرےناشتے اور دھوبی کے بل کا پتا کرو۔ ‘
اس سے قبل جمعے کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے خاتون اوّل کی دوست فرح پر پنجاب میں افسران کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کرنے کے لیے اربوں روپے کی رشوت لینے کا الزام عائد کیا تھا۔