پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں ہوگا: الیکشن کمیشن
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو بیرون ملک سے پارٹی فنڈ میں ممنوعہ ذرائع سے ملنے والی رقم کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کر کے فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو الیکشن کمیشن سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 اپریل کے فیصلے کی روشنی میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ معزز عدالت عالیہ کی ہدایت کے مطابق 30 دن کے اندر اس کیس کا فیصلہ کر دیا جائے۔‘
خیال رہے کہ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز کے اندر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ منحرف رہنما اکبر ایس بابر کو دینے سے روکنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ہر صورت میں کیس کا فیصلہ 30 دن کے اندر سنایا جائے۔‘
واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔

