پٹرول، ڈیزل مہنگا نہ کرنے کا اعلان مگر سبسڈی ملک دشمنی قرار
پاکستان میں اتحادی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ن لیگ کے اقتصادی مشیروں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں دی جانے والی سبسڈی کو ملک دشمنی قرار دیا ہے۔
جمعے کی رات مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم گذشتہ حکومت پر بے جا الزام نہیں لگانا چاہتے۔ صرف حقائق سامنے رکھنا چاہتے ہیں جو بہت ہی تشویشناک ہیں۔‘
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کی مد میں رواں برس جون کے آخر تک حکومت کو اپنی جیب سے 240 ارب روپے ادا کرنا ہوں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم نے کہا ہے کہ فی الوقت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔ حالات کا جائزہ لے کر آئی ایم ایف سے بات چیت کے بعد فیصلہ کریں گے۔‘
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ’پی ٹی آئی حکومت کی ناقص اقتصادی پالیسی کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑے گا۔‘

