سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاسپورٹ جاری، جلد وطن واپسی کا عندیہ
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی حکومت نے سابق وزیراعظم کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی تھی۔
نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید 23 اپریل کو کی گئی جس کی مدت 10 سال ہے۔
پاکستان میں وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے سابق وزیراعظم کو پاسپورٹ جاری کیا گیا.
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ نہیں بلکہ عام پاسپورٹ جاری کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے ماضی میں متعدد بار یہ کہا گیا کہ سابق وزیراعظم لندن میں علاج مکمل کرانے کے بعد ہی پاکستان واپس آئیں گے۔
دو روز قبل بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے نواز شریف اور ان کی ٹیم سے لندن میں ایک طویل ملاقات تھی۔
اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے متعدد بار ماضی میں کیے گئے ’چارٹر آف ڈیموکریسی‘ کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ ایک بار پھر اس تاریخ کو دہرانا چاہتے ہیں۔

