وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب، کتنے رکنی وفد ہمراہ؟
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے لیے سخت تنقید کے بعد وفد کو کم کیا ہے۔
جمعرات کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے روانہ ہوتے وقت وزیراعظم کے وفد کے ارکان میں وہ شخصیات شامل نہ تھیں جن کے ناموں کی فہرست اس سے قبل سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سوشل میڈیا ونگ کے ایکٹیوسٹ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی سخت تنقید کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو دورے پر جہاز بھر کر لے جانے کا فیصلہ بدلنا پڑا۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری جہاز پر جب روانہ ہوئے تو اُن کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ کئی وفاقی وزرا شامل تھے۔

ان وزرا میں خواجہ آصف، شازین بگٹی، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی شامل تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ تین روزہ دورے پر سابق قبائلی علاقے سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ بھی وفد میں شامل ہیں۔
دورے کے پہلے مرحلے میں وفد کے ارکان عمرہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دورے میں وزیراعظم سمیت وفد کے 13 ارکان ہیں۔ خاتون اوّل بھی ویڈیو میں طیارے میں سوار ہوتے دیکھی گئی ہیں۔

