دورہ امارات، وزیراعظم شہباز شریف کی ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد سے ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے۔
سنیچر کو وزیراعظم شہباز شریف نے امارات کے دورے کے دوران ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کےمطابق ’دونوں رہنماوں نے پاکستان اور امارات کے درمیان تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا۔علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
ابوظبی کے ولی عہد نے ملاقات میں مستقبل میں پاکستان کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے پرتپاک خیرمقدم اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں امارات کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ابوظبی کے قصر پہہنچنے پر شیخ محمد بن زاید نے شہبازشریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا‘۔
شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔
ابوظبی ایئر پورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عود آل نعیمی نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

