شہباز شریف سعودی عرب کے دورے سے پاکستان کے لیے کیا لائے؟
Reading Time: < 1 minuteسعودی عرب پاکستان کے مرکزی بینک میں رکھے گئے تین ارب ڈالر کی مدت میں توسیع پر بات چیت کر رہا ہے۔
اتوار کو سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان کے حوالے سے یہ خبر جاری کی ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق پاکستان کی مدد کے لیے دیگر آپشنز پر بھی غور کے لیے بات چیت ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے تین ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں رکھوائے تھے۔
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گر رہے ہیں اور ملک کو بیرونی مالی امداد کی ضرروت ہے۔ سٹیٹ بینک کے پاس اس وقت دس ارب 80 کروڑ ڈالر پڑے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے خام تیل ادھار دینے کے معاہدے میں توسیع پر بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس کے بعد یہ مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔