کشمیری بولر آئی پی ایل میں 155 کی رفتار سے گیند کرنے کے خواہشمند
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کے زیرانتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر عُمران ملک 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار بولنگ کا سنگ میل عبور کرنا چاہتے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق آئی پی ایل میں اپنی شاندار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتاری سے بولنگ کی وجہ سے خبروں کی زینت بننے والے عُمران ملک نے بدھ کے روز میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی۔
عُمران اس وقت آئی ایل پی میں مسلسل 150 کلومیٹر گی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں اور آٹھ میچوں میں 15 وکٹیں لے چکے ہیں۔
وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے پہلے بولر ہیں جنہوں نے کسی بھی بیٹنگ لائن کی پہلی پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جموں سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان بولر نے اپنی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ میں فتح کے قریب کر دیا تھا مگر آخری اوور میں راہل ٹیواٹیا اور راشد خان نے چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جیتوا دیا۔
اگرچہ سن رائزرز حیدرآباد میچ تو نہ جیت سکی لیکن عُمران ملک کو اپنی تباہ کن بولنگ، جو آئی پی ایل کی تاریخ کا بہترین سپیل تھا، کی بنا پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
میچ کے بعد عُمران کا کہنا تھا کہ ’آئیڈیا صحیح لائن کے ساتھ تیز بولنگ کرنا اور وکٹیں حاصل کرنے کی منصوبہ بندی تھا۔ جیسے میں نے ہاردک بھائی کو باؤنسر پر آؤٹ کیا اور ساہا کو سلو رن اپ کے ساتھ آ کر یارکر پر بولڈ کیا۔‘
عُمران ملک کا کہنا تھا کہ ’اگر مجھے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے بولنگ کرنی پڑی تو انشا اللہ میں ایک دن کروں گا۔‘