برطانوی خاتون کا عروسی لہنگا جلا کر طلاق کا جشن
Reading Time: < 1 minuteمشرقی ملکوں میں طلاق یافتہ خواتین شدید صدمے اور ڈپریشن کا شکار ہوتی ہیں لیکن ایک برطانوی خاتون نے اپنی طلاق پر جشن منایا اور اس کے لیے منفرد انداز اپناتے ہوئے شادی پر پہنے گئے جوڑے کو آگ لگائی۔
برطانوی اخبار دی مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق 38 سالہ نکولا وائٹ نے جب اپنے شوہر سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تو اس خوشی میں اپنے عروسی جوڑے کو آگ لگا دی۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی رہائشی پرائیویٹ اسسٹنٹ نکولا وائٹ نے اپنے شادی کے جوڑے کو نذر آتش کرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو تیزی سے وائرل ہوئی۔
نکولا وائٹ کی شادی سال 2005ء میں ہوئی تھی تاہم ابتداء سے ہی ان کا ازدواجی تعلق تلخی کا شکار رہا جس کے باعث انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کر کے میں خود کو بااختیار محسوس کر رہی ہوں۔ مجھے ایسے لگ رہا ہے جیسے میرے سینے پر ایک بوجھ تھا جو اتر گیا ہے۔ اب میں اپنے ماضی کو ماضی میں چھوڑ کر آگے بڑھ سکتی ہوں۔