پاکستان

پاکستان میں حمایت بڑھی یامخالفت؟ عمران خان کا امریکی حکومت سے سوال

مئی 2, 2022

پاکستان میں حمایت بڑھی یامخالفت؟ عمران خان کا امریکی حکومت سے سوال

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے کا الزام ایک بار پھر امریکہ پر عائد کرتے ہوئے بائیڈن انتظامیہ سے پوچھا ہے کہ اس طرح پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات میں کمی ہوئی یا ان میں اضافہ کیا ہے؟

پیر کو عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’بائیڈن انتظامیہ سے سوال ہے کہ 22 کروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک کے جمہوری طور پر منتخب وزیراعظم کو ہٹا کر ایک کٹھ پتلی وزیراعظم لانے کے لیے حکومت کی تبدیلی کی سازش میں ملوث ہو کر پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات میں کمی کی یا انہیں بڑھایا ہے؟‘

عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں ایک خط لہرا کر دعویٰ کیا تھا کہ ’ان کی حکومٹ ہٹانے کے لیے ایک ملک سازش کر رہا ہے۔‘

انہوں نے دو روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس کو غیر ملکی مراسلے کی تحقیقات کے حوالے سے خطوط بھی ارسال کیے تھے۔

جمعے کو لکھے گئے دو مختلف خطوط میں عمران خان نے صدر ممکت اور چیف جسٹس سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا تھا کہ ’مراسلے کی تحقیقات کے نتیجے میں کسی غیر ملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔‘

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ ’خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں، اور دوران تحقیقات کسی غیر ملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔‘

یاد رہے کہ عمران خان کی اتحادی حکومت کو اس وقت آئینی طریقہ کار کے تحت عدم اعتماد سے ہٹا دیا گیا تھا جب ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک انصاف کی حمایت واپس لے لی تھی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے