تحریک انصاف نے ’بیرونی سازش‘ پر حکومتی انکوائری کمیشن مسترد کر دیا
پاکستان میں اتحادی جماعتوں کی حکومت نے بیرونی سازش کے ذریعے عمران خان کی حکومت گرانے کے الزام کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کو تحریک انصاف نے مسترد کر دیا ہے.
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ”حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ جو تماشہ لگایا گیا ہے بیرون ملک سازش کا,یہ جو دن رات الزام تراشی کی جارہی ہے اس پر انکوائری کمیشن بنایا جارہا ہے۔“
ان کا کہنا تھا کہ یہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا اور یہ کمیشن منصفانہ فیصلہ کرے گا کہ بیرونی سازش ڈرامے کے اصل کردار کون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ انکوائری کمیشن غیرجانبدار ہوگا اور اس کا ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر سازشی ٹولہ بھی سوال نہیں اٹھا سکے گا۔‘
مریم اورنگزیب کے مطابق ’انکوائری کمیشن منصفانہ طور پر فیصلہ کرے گا جس کے بعد ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
’کمیشن فیصلہ کرنے گا کہ اس ڈرامے کا اصل کردار کون ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز کابینہ کے اگلے اجلاس کے سامنے رکھے جائیں گے۔ کابینہ ٹی او آرز کی منظوری دے گی‘
ادھر تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اس کمیشن کو مسترد کرتے ہیں۔‘
سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے متعدد بار یہ الزام دہرایا کہ ان کی حکومت کے خاتمے کے لیے غیرملکی سازش ہوئی اور اس سازش میں اس وقت کی اپوزیشن کے اہم رہنما شریک تھے۔

