عوامی جلسوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید، فوج کا سخت بیان
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ جلسوں اور سوشل میڈیا پر افواج پاکستان اور اس کی قیادت کے خلاف بے بنیاد اور بدنام کرنے والی مہم کا نوٹس لیا گیاہے۔
فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ دنوں میں ملک میں جاری سیاسی بحث کے دوران جان بوجھ کر فوج اور اس کی قیادت کو ملوث کرنے کی کوشش میں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس کوشش میں کچھ سیاسی رہنماؤں، چند صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے افواج اور اس کی قیادت کی طرف عوامی جلسوں اور سوشل میڈیا سمیت ابلاغ کے مختلف ذرائع استعمال کر کے انگلی اٹھائی۔
ترجمان نے کہا کہ بے بنیاد، بدنام کرنے اور اکسانے والے بیانات اور جملوں کا یہ عمل نہایت تباہ کن ہیں۔ فوج اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے
تمام لوگوں سے توقع کرتی ہے کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے ملک کے بہترین مفاد میں فوج کو سیاسی بحث سے دور رکھیں گے۔

