پاکستان

عمران نیازی کی خانہ جنگی کرانے کی کوشش کو کُچل دیں گے: وزیراعظم

مئی 9, 2022

عمران نیازی کی خانہ جنگی کرانے کی کوشش کو کُچل دیں گے: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے حالیہ خطاب کو ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے۔ایبٹ آباد میں ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیا گیا، قانونی کارروائی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی سیاست نہیں سازش کر رہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہو رہی ہے۔ ایک شخص کی انا، تکبر ، جھوٹ پر ملک قربان نہیں کر سکتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کر رہا ہے جس کو کچل دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کر رہا ہے جس میں اُس نے کھایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں۔ عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا تھا کہ یہ امریکہ کی سازش سے بیٹھے ہیں پاکستانی قوم انہیں تسلیم نہیں کرے گی۔

انہوں نے اوورسیز پاکستونیوں سے کہا تھا کہ وہ اُن ملکوں کی حکومتوں کو پاکستانی حکومت کے بارے میں لکھیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے