سری لنکا کی معیشت کو تباہ کرنے والے وزیراعظم مستعفی
Reading Time: < 1 minuteسری لنکا میں حکومت کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے نے استعفٰی دے دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مستعفی ہونے والے سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکشے کے ترجمان روہن ویلیویتا کا کہنا ہے کہ انھوں نے استعفٰی صدر گوتبایا راجا پاکشے کو بھجوا یا جو کہ ان کے چھوٹے بھائی بھی ہیں۔
سری لنکا میں کئی ماہ سے معاشی بحران کے باعث کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی بھی شدید قلت ہے۔ ملک میں جاری صورت حال کو تاریخ کا بدترین بحران قرار دیا جا رہا ہے۔
چند ہفتے قبل حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
راجا پاکشے نے ایک ٹویٹ کے ذریعے استعفے کی تصدیق کی۔ انہوں نے لکھا ’میں نے فوری طور پر اپنا استعفٰی صدر کو بھجوا دیا ہے۔‘
پیر کو حکومت کے حامیوں نے کولمبو میں صدر کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والوں پر لاٹھیوں سے حملہ کیا جس میں درجنوں مظاہرین کے زخمی ہونے پر فوج کو طلب کیا گیا۔
سری لنکا میں امریکہ کے سفیر نے پرامن مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تشدد پر اکسانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے۔