’آپ تو لاڈلے تھے‘، فوج پر بیان کے بعد عمران خان کے خلاف قرارداد مذمت منظور
پاکستان کی قومی اسمبلی نے عمران خان کے مبینہ فوج مخالف بیانات پر مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے سراج الدولہ اور میر جعفر کی مثال دے کر ادارے کو براہ راست نشانہ بنایا جو ایک قبیح حرکت اور ادارے کے خلاف سازش ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی سے خطاب کرتے میں شہباز شریف نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’آپ تو لاڈلے تھے، آپ کو تو بچوں کی طرح دودھ پلایا گیا۔‘
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’جتنی سپورٹ اس لاڈلے کو ملی اس کا 20 فیصد بھی ہمیں مل جاتا تو ہم ملک کو اس طرح لے کر چلتے جیسے جہاز اڑتا ہے۔‘
شہباز شریف نے مبینہ دھمکی آمیز خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ’اس وقت امریکہ میں جو پاکستان کے سفیر تھے، انہوں نے کہا تھا کہ میں نے جو خط میں یہ لکھا تھا کہ دھمکی آمیز گفتگو تھی وہ، لیکن یہ غداری یا سازش کا عنصر کہاں سے نکل آٰیا۔‘
انہوں نے پچھلی حکومت کو جُھرلو اور دھاندلی کی پیداوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ساڑھے تین ہفتے قبل ہی حکومت ملی ہے تاہم عید کے بعد لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت چور اور ڈاکو کی گردان میں پڑی رہی اور کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا اس نے وقت پر تیل منگوایا اور نہ ہی گیس، حالانکہ اس وقت عالمی منڈی میں قیمت بہت کم تھی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کو تقسیم در تقسیم کر دیا گیا ہے جو خطرناک بات ہے۔

