اینکر پرسن سمیع ابراھیم کو نوٹس، عدالت کا ڈائریکٹر ایف آئی اے کو پیش ہونے کا حکم
اینکر پرسن سمیع ابراھیم کو ایف آئی نوٹس کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو آئندہ سماعت تک ملزم کو گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
عدالت نے ڈائریکٹر سائبر کرائم کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر سمیع ابراہیم کی درخواست پر جواب دینے کے لیے کہا ہے۔
خیال رہے کہ اینکر پرسن سمیع ابراھیم کو فوج مخالف ویڈیو پوسٹ کرنے پر ایف آئی اے نے نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
ایف آئی اے کے نوٹس کے مطابق اس مقدمے میں سمیع ابراہیم کے خلاف شکایت کنندہ ریاست ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ سمیع ابراہیم نے جان بوجھ کر سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پھیلائی جس میں حکومت اور ریاست کا نظام چلانے والی شخصیات پر گمراہ کن الزامات عائد کیے اور ان الزامات کے ذریعے بدنیتی سے عام لوگوں میں خوف پیدا کر کے ان کو حکومت اور مسلح افواج سے بدظن کرنے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ سمیع ابراہیم امریکی شہریت رکھتے ہیں اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے تھپڑ کھانے کے بعد سے تحریک انصاف کے حامی صحافیوں میں کافی مقبول ہیں.

