مسلم لیگ کا حتمی مشاورتی اجلاس، کیا الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوگا؟
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس کا دوسرا دور آج لندن میں ہوگا۔
پہلے سیشن میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔
’اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ آئین شکن عناصر سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے۔‘
مریم اورنگزیب کے مطابق آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی۔
بیان کے مطابق نوازشریف کی زیرصدارت حتمی فیصلوں کے لیے جمعرات کو پھر اجلاس ہوگا۔
’ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لیے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔ تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے کیا جائے گا۔‘
اجلاس میں موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پر نوازشریف کوتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے نوازشریف کو آگاہ کیا۔
مسلم لیگ ن کے قریبی ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ نواز شریف پریس کانفرنس میں اگلے الیکشن کرانے کے لیے ٹائم فریم کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

