پچھلی حکومت نے عدم اعتماد کے دوران مارشل لا لگنے کی دھمکی دی: بلاول بھٹو
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے سے ایک دن پہلے انہیں سابق وزیر کی جانب سے پیغام پہنچایا گیا کہ فوراً انتخابات کی بات مانیں بصورت دیگر مارشل لا لگے گا۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کی شرائط پر زبردستی انتخابات ہوں یا وہ ایسے حالات پیدا کریں کہ کسی تیسری قوت کو موقع ملے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی یہ سٹریٹیجی آج کی نہیں ہے بلکہ وہ اس سے پہلے بھی ایسا کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات ضرور چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے انتخابی اصلاحات ہونی چاہییں تاکہ 2018 انتخابات میں جو کھیل کھیلا گیا وہ دوبارہ ممکن نہ ہو سکے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاست اور معاشرے میں پیدا ہونے والی تقسیم سے نمٹنے کے لیے بنیادی ضابطہ اخلاق کی ضرورت ہے جس پر اگر آئندہ انتخابات سے پہلے اتفاق نہیں ہوا تو الیکشن خونی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بنیادی ضاابطہ اخلاق ہونا چاہیے جس کے تحت سیاسی جماعتیں، میڈیا، عدالتیں، اسٹیبلشمنٹ اور دیگر ادارے آئین کے تحت کام کر سکیں۔

