پاکستان

اسٹیبلشمنٹ کا ایک حصہ اب بھی عمران خان کو سپورٹ کر رہا ہے: فضل الرحمان

مئی 12, 2022

اسٹیبلشمنٹ کا ایک حصہ اب بھی عمران خان کو سپورٹ کر رہا ہے: فضل الرحمان

پاکستان میں حکمران اتحاد میں شامل جماعت جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک حصہ اب بھی عمران خان کو سپورٹ کر رہا ہے۔

جمعرات کو کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ فریق نہ بنیں، آپ ریاست کا دارہ ہیں۔

’حکمران بھی آپ کو ہماری فوج کہتے ہیں اور اپوزیشن بھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حدود سے تجاوز نہیں کیا لیکن اپنی بات کرتے رہے اور ایک ایسا وقت آیا جب حقائق کا اداراک ہوا۔

انہوں نے نام لیے بغیر تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’جب وہ نیوٹرل ہو گئے تو اس کو جانور سے تعبیر کیا گیا۔‘

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج میر جعفر کے لفظ سے پکارا جاتا ہے جو کسی فرد واحد نہیں تاریخ کی دغا اور بغاوت کا کردار ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج جب ہمیں کامیابی ملی اور پارلیمان کے راستے حکومت کو گرایا کہ ہمیں کھلبی نظر آئی، عوام میں نہیں بلکہ اشرافیہ کے اندر۔

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وہ آسمان سے نہیں اترا، اس کو ہماری بھی سننا پڑے گی۔

’ہماری نظر میں جو حکومت جعلی اور عوام کی نمائندہ نہیں اس کے معاہدے ریاست کے ساتھ معاہدے نہیں، ریاست کو ان کا پابند ہونے کی ضرورت نہیں۔‘
مولانا فضل الرحمٰن نے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے کے حوالے سے کہا کہ آج کا بیانیہ جعلی خط ہے۔

جس پر قومی سلامتی کمیٹی امریکہ کا موقف سامنے آ چکا ہے اور اس کے لیے جھوٹ، لغو اور پروپیگنڈہ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔

انہوں نے عمران خان نظریاتی لحاظ سے کنگال آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج وہ امریکہ مخالف چورن بیچنے پر آ گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک حصہ اب بھی عمران خان کو سپورٹ کر رہا ہے۔

نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وہ جس گراؤنڈ پر گئے ہیں اسی پر واپس آئیں گے اور وہ ان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔

انہوں نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں میر جعفر سے مراد شہباز شریف ہیں۔
’عمران خان بتائیں شہباز شریف سپہ سالار کب تھے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے