سوشل میڈیا کے ذریعے جدید سکلز سیکھنے کی ترغیب ضروری
Reading Time: 2 minutesوسیم عباس
گزشتہ ایک دہائی کے دوران دنیا کئی اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔
دنیا کے کئی ممالک میں نوجوانوں کی تعداد بڑھنا اور اُن کے ہاتھوں میں جدید ٹیکنالوجی کے ٹولز ان تبدیلیوں میں سب سے نمایاں اور غیرمعمولی تبدیلی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی نے ایک نئے صارف طبقے کو جنم دیا جو سوشل میڈیا صارفین کہلاتا ہے جن میں نوجوانوں کی تعداد ایک محتاط اندازے کے مطابق 80 فیصد ہے۔
کئی ممالک میں بھی سوشل میڈیا کے اس طبقے یا شعبے پر بحث کی گئی اور قواعد بنائے گئے لیکن پاکستان میں اس کو بھی استعمال کرنے والوں کی مرضی پر چھوڑ دیا گیا۔
دوسرے ممالک کے نوجوانوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا ٹولز کا بہترین استعمال کیا جبکہ ہمارے ہاں بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے اس کو ایسی سرگرمیوں کے لیے زیادہ استعمال کیا جن سے کوئی مثبت تبدیلی تو کیا آتی معاشرے میں منفی رجحانات، انتشار، عدم برداشت اور فرقہ واریت مزید بڑھی۔
آج کل نوجوان چند سو ویوز یا ناظرین کی خاطر بنا سوچے سمجھے ایسے مواد کی تشہیر میں مصروف رہتے ہیں جس کا مقصد تفریح برائے تفریح کے سوا کچھ نہیں۔
ہمارے نوجوان اپنے اندر کی صلاحیتوں کو پہچان کر اس کا بہترین استعمال کرنے کی بجائے ان ایپس کو ڈھونڈنے میں لگا رہتے ہیں جو اسے ایک ہی وقت میں امیر ترین اور مشہور ترین بنا دیں۔
افسوس اس بات کا بھی ہے کہ ہمارے ہاں جدیدیت کی طرف راغب کرنے والے رہنماؤں کی بھی کمی ہے۔ بہت ہی کم افراد ایسے ہیں جو سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو جدید سکلز کی طرف راغب کر سکیں۔
حکومتی سطح پر ڈی جی سکلز ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں پہ جدید سکلز بلا معاوضہ سکھائی جاتی ہیں۔ مگر اس کی کوئی خاص تشہیر نہیں اور اس کے علاوہ کوئی اور پلیٹ فارم بھی نہیں جہاں پر ایک بڑی تعداد کو بیک وقت سکلز کی تربیت دی جا سکے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان کی درست سمت میں رہنمائی کی جائے۔
اس کے لیے حکومت اور سوشل میڈیا کے مشہور افراد اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ سوشل میڈیا پر ایسے مواد کی حوصلہ افزائی کی جائے جو نوجوانوں کو جدید سکلز سیکھنے کی ترغیب دیتا ہو۔